سری نگر
جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں پیر کو دوپہر کے وقت جنگجوؤں نے گھات لگاکر کیے گئے حملے میں جموں وکشمیر پولیس کے 3 اہلکاروں کو ہلاک کردیا،
جبکہ 2مختلف واقعات میں نامعلوم بندوق برداروں نے وسطی و شمالی کشمیر میں ایک پولیس سب انسپکٹر اور ایک سابق جنگجو کو گولی مار کر زخمی کردیا۔
اِن حملوں کے بعد وادی کشمیر میں سیکورٹی سخت کردی گئی ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں نے ضلع شوپیان کے شمسی پورہ گاؤں میں ایک بس روکی اور مذکورہ بس میں سفر کررہے 3 پولیس اہلکاروں مشتاق احمد،
نثار احمد اور شبیر احمد کو زبردستی باہر نکالا۔ بعد میں جنگجوؤں نے نزدیک سے تینوں پولیس اہلکاروں پر گولیاں چلائیں،
جس کے نتیجے میں اُن کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائی شروع کردی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ نثار احمد شمالی کشمیر کے سوپور،
مشتاق احمد جنوبی کشمیر کے اڈی گام اور شبیر احمد خطہ لداخ کے ضلع لیہ کے رہنے والے تھے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق یہ تینوں پولیس اہلکار اشم پورہ نامی ایک گاؤں میں ایک کیس کی تحقیقات کیلئے گئے ہوئے تھے اور وہاں سے واپسی کے دوران اِن پر حملہ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ تینوں پولیس اہلکار غیر مسلح تھے ۔
تاحال کسی بھی جنگجو تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
ایک دوسرے واقعہ میں نامعلوم بندوق برداروں نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال میں رفیق احمد نامی ایک سابق جنگجو کو گولی مار کر زخمی کردیا۔
زخمی رفیق کو اسپتال میں داخل کیا گیا، جہاں اُس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔
اس سے قبل پیر کی صبح نامعلوم بندوق برداروں نے وسطی کشمیر کے ضلع سری نگر میں جموں وکشمیر پولیس کے ایک سب انسپکٹر پر گولی چلاکر اسے شدید زخمی کردیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ غلام مصطفی نامی آئی آر پی 3 بٹالین سے وابستہ سب انسپکٹر پر نامعلوم بندوق برداروں نے سری نگر کے مضافاتی علاقہ مج گنڈ میں گولی چلائی،
جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔زخمی پولیس انسپکٹر کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے،
جہاں اُن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں، جنہیں ڈھونڈ نکالنے کیلئے سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائی شروع کردی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ سیکورٹی فورسز پہلے سے ہی الرٹ پر ہے تاہم وادی کے مختلف حصوں میں3 جنگجویانہ حملوں کے بعد فیلڈ کمانڈروں کے نام تازہ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایسے حملوں کو ناکام بنانے کیلئے سیکورٹی ایجنسیوں کو مقامی ذرائع اورانٹلیجنس معلومات کو بروئے کار لانے کیلئے کہا گیا ہے۔
رواں مہینے کی 2 تاریخ کو شمالی کشمیر کے کنزر ٹنگ مرگ میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والی جھڑپ میں ایک فوجی جوان اور جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ سے وابستہ ایک ایس پی او ہلاک، جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے تھے ۔
جبکہ جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے ۔
آج جنگجوؤں نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں ایک گھات حملے میں جموں وکشمیر پولیس کے تین اہلکاروں کو ہلاک کردیا جبکہ دو مختلف جنگویانہ حملوں میں وسطی و شمالی کشمیر میں ایک پولیس سب انسپکٹر اور ایک سابق جنگجو کو گولی مار کر زخمی کردیا۔
0 comments:
Post a Comment